برمنگھم میں بھی پاکستان کو شکست، انگلینڈ کا ٹیسٹ کرکٹ سیریز میں کلین سوئپ

Calender Icon ہفتہ 12 ستمبر 2026

برمنگھم: انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنزبنا کر 320 رنز کی برتری حاصل کی۔

پاکستان نے دوسری اننگزمیں بہترمزاحمت کرتے ہوئے 449 رنز بنائے اورانگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 95، رضااللہ نے 81، بابر اعظم نے 76 اور اذان اویس نے 59 رنز بنائے، محمد عباس نے 42، سعود شکیل نے 29 اور محمد غازی غوری نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن نے 3، جوش ٹنگ نے 2، اولی رابنسن نے 2، ڈین لارنس نے 2 اور جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 24.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

جو روٹ 62 اور جارڈن کاکس 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ کی دونوں ابتدائی وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں، بین ڈکٹ اور ایمیلیو گے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز میں ہیری بروک نے 75، جیمی اسمتھ نے 69، ڈین لارنس نے 65، ایمیلیو گے نے 60 اور اولی رابنسن نے 50 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:طبی اداروں میں شراکتداری، معیاری علاج تک رسائی بڑھانے پر اتفاق

پاکستان کی جانب سے رضااللہ نے 4، محمد علی اور محمد عمران رندھاوا نے 2،2 جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔برمنگھم ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچز کی پوری سیریز 0-3 سے گنوا دی اور انگلینڈ نے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔