پاکستان سمیت 17ممالک کی مغربی کنارے پرقبضے کے غیرقانونی بل کی منظوری کی مذمت

Calender Icon جمعہ 24 اکتوبر 2025

پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت 17 ممالک اور تنظیموں نے مغربی کنارے پر قبضے کے غیرقانونی بل کی اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری کی شدید مذمت کی- دفتر خارجہ کے مطابق اس حوالے سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں،خصوصاً قرارداد 2334، کی صریح خلاف ورزی ہے جس میں 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی بیت المقدس کی آبادی کی ساخت، کردار اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی گئی-بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے، آبادکاری اور انضمام کے اقدامات کے غیرقانونی ہونے کی توثیق کی ، اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں ،،،اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان میں عالمی عدالت انصاف کی غزہ میں امداد کے حوالے سے اسرائیلی ذمہ داری پر دی گئی رائے کا خیرمقدم کیا گیا ،،،، اسرائیل کو یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے باز رکھنے اور عالمی برادری سے اُس کی اخلاقی اور قانونی ذمے داری پوری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ،،،بیان میں کہا گیا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو کے قیام کی راہ ہموار کی جائے، یہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ ہے