مالاکنڈ میں پاکستان تحریک انصاف(PTI) کے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان کے گارڈز کی جانب سے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق شکیل خان کے گارڈز نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کی، واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں شکیل خان کی موجودگی میں گارڈز کو مبینہ طور پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا گیا ہے اور شکیل خان سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
جنید اکبر کی اشتعال انگیزی کے بعد مالاکنڈ میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے شکیل خان کی موجودگی میں ان کے گارڈز کی لیویز اہلکاروں پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی فائرنگ کی ویڈیوز سامنے آنے کےبعدشکیل خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج گرفتاریوں اور قانونی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔ 👇👇 pic.twitter.com/siNmSsjZGi
— Waqar Satti 🎖️🇵🇰 (@waqarsatti) September 20, 2026
حکومتی ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:سعودی عرب: ٹریفک حادثے میں 9 افراد جاں بحق
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اسلام آباد میں پارٹی کے آئندہ احتجاج کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد میں ایک راستے سے داخل نہیں ہوں گے بلکہ موٹروے اور مارگلہ ہلز سے بھی وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ اگر دوبارہ فائرنگ ہوئی تو وہ لاشیں اٹھا کر خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام آباد کو ’سومنات‘ بنانے کا جملہ بھی استعمال کیا۔













پیر 21 ستمبر 2026 

