عالمی یومِ امن، اسپیکر قومی اسمبلی کا مذاکرات اور سفارت کاری پر زور

Calender Icon پیر 21 ستمبر 2026

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق (Sardar Ayaz Sadiq) نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی امن کے قیام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پائیدار امن اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام اور بامعنی مکالمے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عالمی امن کے لیے اقوام کو اپنے اختلافات مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان کے امن دستے گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور عالمی سطح پر قیامِ امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے مصروفِ عمل ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے۔

مزیدپڑھیں:ایف بی آر نے گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمتیں مقرر کردیں

سردار ایاز صادق نے کہا کہ مساوی حقوق، انصاف اور رواداری پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ بین الاقوامی تعاون، باہمی احترام اور برداشت کو فروغ دے کر ہی دنیا میں دیرپا امن کی بنیاد مضبوط کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی امن کے لیے بھاری انسانی اور معاشی قیمت ادا کی ہے۔ پاکستان کی جانب سے عالمی امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق امن کے فروغ کے لیے پارلیمانوں کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ پارلیمان مکالمے، جمہوری اقدار اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی تعاون، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے تاکہ تنازعات کا پرامن حل ممکن بنایا جاسکے۔