اسلام آباد: پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان رجیم اور بھارت سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی منظم پروپیگنڈہ مہم کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق، بھارت اور افغان طالبان سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔ ان اکاؤنٹس نے حال ہی میں چمن کے حالیہ اجتماع سے متعلق پرانی ویڈیوز کو نئی بنا کر وائرل کرنا شروع کر دیا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ ویڈیوز دسمبر 2022 میں چمن میں منعقد ہونے والے ایک اجتماع کی ہیں، جنہیں جان بوجھ کر موجودہ حالات سے جوڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ جھوٹا بیانیہ، من گھڑت خبریں اور جعلی تصاویر افغان طالبان رجیم کی منظم پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔ پرانی ویڈیوز کو نیا دکھا کر حقائق کو مسخ کرنا افغان طالبان کے مذموم عزائم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
وزارت نے مزید انکشاف کیا کہ بھارت، پاکستان دشمن سازشوں میں افغان پروپیگنڈہ مشین کا سب سے بڑا سہولت کار ہے اور اس مہم میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
حکومت پاکستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی جعلی اور گمراہ کن معلومات پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری اور معتبر ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ وزارت اطلاعات نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے پروپیگنڈہ سے نمٹنے کے لیے قانونی اور تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔












جمعہ 24 اکتوبر 2025 