اسلام آباد ( ملک نجیب ) تھانہ نون کی حدود شمس ٹاؤن میں لاپتہ ہونے والی اڑھائی سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا،
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرکے بچی کی لاش برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق بچی 22 ستمبر کو دوپہر تقریباً 2 بجے گلی میں کھیل رہی تھی تاہم کھیلنے کے بعد گھر واپس نہ آئی۔
بچی کے لاپتہ ہونے پر اس کی والدہ نے رات تقریباً 11 بجے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد تھانہ نون میں مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کردی گئی۔
ایس پی انڈسٹریل ایریا ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے سات ٹیمیں تشکیل دی گئیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
مزید پڑھیں:فیصل قریشی کے تیزی سے کم ہوتے وزن نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا
سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے دوران ایک شخص بچی کو اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے نظر آیا جس کی شناخت کاشف کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور انسانی ذرائع کی مدد سے مشتبہ شخص کا سراغ لگایا گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر بچی کی لاش اس مقام سے برآمد کی گئی جو اس کے گھر سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور جنگل میں واقع ہے۔ زیرحراست ملزم نے بچی کو لے جانے اور قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے ۔













بدھ 23 ستمبر 2026 

