تصویروں کی صفائی کرنا یا جیل کے باہر سڑکوں پر بیٹھنا وزیراعلیٰ کا کام نہیں ہے، عطا تارڑ

Calender Icon ہفتہ 25 اکتوبر 2025

علی پور چٹھہ: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کر رہی ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب یہ نہیں کہ “ہم ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک ریاض کو اتنی بڑی رعایت کیوں دی گئی، یہ قوم کا پیسہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ “تصویروں کی صفائی کرنا یا جیل کے باہر سڑکوں پر بیٹھنا وزیراعلیٰ کا کام نہیں ہے۔”

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف دہشت پھیلانے کے کافی شواہد وفاقی کابینہ کو فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے مریدکے میں شہید ایس ایچ او کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 21 گولیاں ماری گئیں، جو قانون و امن کی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔