وزیراعظم شہباز شریف کا جنوبی افریقہ کی مہمان ٹیم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

Calender Icon ہفتہ 25 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور دورہ کرنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور گفتگو کی۔

وزیراعظم نے جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں، جن میں کرکٹ ایک اہم رکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے پاکستانی کرکٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح اس سیریز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔ وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں، بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کرکٹ بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتی ہے اور اس کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا اور پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے وہ بے حد لطف اندوز ہوئے۔