پنجاب اسمبلی کی رکن اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ(Hina Pervaiz Butt) نے مقبول ڈراما سیریل ’درِ نجات‘ کے ایک منظر کا حوالہ دیتے ہوئے شادی شدہ جوڑوں کو ایک دوسرے سے کھل کر اور ایمانداری سے بات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی ویڈیو میں کہا کہ میاں بیوی کے درمیان اعتماد اور بہتر رابطہ ازدواجی زندگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ ماضی کے معاملات کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے کو طعنے دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد بعض اوقات ماضی کے کسی تعلق، ذاتی معاملے یا کسی راز کے سامنے آنے سے میاں بیوی کے درمیان اختلاف پیدا ہوسکتا ہے تاہم ایسی صورتحال میں غصے کے بجائے باہمی گفتگو سے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کو ایک دوسرے سے کھل کر بات کرنی چاہیے، چیزیں چھپانے یا جھوٹ بولنے کے بجائے مل کر معاملے کو حل کرنا چاہیے۔ اگر کوئی غلط فہمی پیدا ہو تو اسے ایماندارانہ گفتگو کے ذریعے دور کیا جاسکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:سہیل آفریدی کے ہوتے ہوئے نئے وزیراعلیٰ کی دوڑ؟ پی ٹی آئی گروپس متحرک
انہوں نے شوہروں اور بیویوں کو ایک دوسرے کے ماضی کے تعلقات یا غلطیوں کو بار بار موضوع بنانے اور طعنہ دینے سے بھی گریز کا مشورہ دیا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ماضی کو ماضی ہی رہنے دیں اور اپنے حال کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈراما ’درِ نجات‘ رشتوں، محبت، ماضی کے تعلقات اور سماجی رویوں جیسے موضوعات کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
ڈرامے کے ایک حالیہ منظر میں زامل کا کردار اپنی دیرینہ محبوبہ زریاب سے شادی سے انکار کرتا ہے اور اس کے ماضی کو بنیاد بناتا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس موضوع پر بحث دیکھنے میں آئی۔ حنا پرویز بٹ نے اسی منظر کو بنیاد بناتے ہوئے ازدواجی رشتے میں اعتماد، احترام اور کھلے مکالمے کی اہمیت اجاگر کی۔













منگل 29 ستمبر 2026 

