عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

Calender Icon جمعرات 8 اکتوبر 2026

عالمی منڈی میں جمعرات کو خام تیل (Crude Oil)کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی کو لاحق خدشات اور خلیج و آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہے۔

کاروبار کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت 1.33 ڈالر یا 1.33 فیصد بڑھ کر 101.53 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.11 ڈالر یا 1.26 فیصد اضافے کے بعد 89.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

اس سے ایک روز قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔ قیمتوں میں کمی کی وجہ عالمی توانائی ایجنسی کی جانب سے ہنگامی تیل ذخائر جاری کرنے کے عمل کو تیز کرنے اور ڈیزل کی فراہمی کو ترجیح دینے کے منصوبے پر اتفاق تھا۔

تاہم مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث تیل کی عالمی سپلائی کو درپیش خطرات بدستور برقرار ہیں۔ خلیج اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار بحری جہازوں کو لاحق خطرات اکتوبر میں مزید بڑھ گئے ہیں۔ جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور ایندھن کی ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی تھی۔

مزید پڑھیں:استعمال شدہ گاڑیوں سے متعلق امور کو نئی آٹو پالیسی میں شامل کرنے کا فیصلہ

گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکروں پر حملوں کی تعداد جنگ شروع ہونے کے بعد کسی بھی ہفتے کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تازہ ترین واقعے میں قطر کے شمال میں ایک ٹینکر کو متعدد میزائل نما ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا۔

دوسری جانب امریکی توانائی اطلاعاتی ادارے کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر 32 لاکھ بیرل کم ہوکر 42 کروڑ 41 لاکھ بیرل رہ گئے، جو ماہرین کی توقع سے زیادہ کمی ہے۔ ڈیزل اور جیٹ فیول سمیت کشید شدہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں بھی 42 ہزار بیرل کمی ریکارڈ کی گئی۔