پی ٹی آئی لانگ مارچ، 40 لاکھ کا دعویٰ، لیکن سہیل آفریدی کے قافلے میں ورکرز کی تعداد کم کیوں ہورہی ہے؟

Calender Icon جمعہ 9 اکتوبر 2026

اتوار کے روز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی(Sohail Afridi) جب لکی مروت پہنچے تھے تو کافی بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے، لیکن جب ان کا قافلہ لکی مروت سے کرک کے لیے نکلا تو یہ تعداد بہت حد تک کم ہو گئی۔

لکی مروت سے وزیراعلیٰ کی روانگی سے لے کر آبائی ضلع خیبر پہنچنے تک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ’ڈائری رپورٹ‘ کے مطابق لکی مروت سے روانگی کے بعد پشاور اور پھر خیبر پہنچنے تک قافلے میں شامل ورکرز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

پشاور میں تعینات ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس اور دیگر ادارے مسلسل قافلے کی سکیورٹی کو دیکھ رہے ہیں اور اعلیٰ حکام کو باقاعدہ رپورٹ دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق قافلے میں شامل ورکرز کی تعداد روانگی یا استقبال میں شامل تعداد کی نسبت بہت زیادہ کم ہے اور یہ تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق قافلے کو ہر پوائنٹ پر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور شرکا کی تعداد پر کڑی نظر ہے۔

‘لوگ استقبال کے لیے نکل رہے ہیں لیکن قافلے کے ساتھ سفر نہیں کررہے۔’

سرکاری رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ جب اتوار کے روز اسلام آباد لانگ مارچ شروع کرنے کے لیے لکی مروت پہنچے تھے تو گنڈی چوک پر ورکرز جمع تھے، جو ٹانک، ڈی آئی خان، لکی مروت اور دیگر اضلاع سے آئے تھے، جبکہ کوئٹہ سے آئے ورکرز بھی موجود تھے۔

موقع پر موجود پولیس حکام کے مطابق تعداد ہزاروں میں تھی، جو ان کے مطابق 8 سے 15 ہزار کے درمیان تھی۔ وہ بتاتے ہیں کہ جب یہ قافلہ کرک پہنچا تو یہ تعداد ہزاروں سے سیکڑوں میں رہ گئی تھی۔

’کرک میں لوگ تھے، وزیراعلیٰ کا استقبال کیا پھر گھروں کو چلے گئے اور کیمپ میں 200 سے 300 ورکرز رہ گئے’

پولیس حکام نے بتایا کہ وزیراعلیٰ جب کرک سے کوہاٹ پہنچے تو ورکرز تھے، لیکن پشاور کے کیمپ میں رات کے وقت پی ٹی آئی ورکرز سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی تعداد زیادہ تھی۔ ’ہمارا مشاہدہ یہ ہے کہ وزیراعلیٰ جس ضلع میں جاتا ہے وہاں لوگ نکلتے ہیں لیکن پھر گھروں کو چلے جاتے ہیں، ساتھ سفر نہیں کررہے۔‘

سہیل آفریدی کے قافلے میں ورکرز کی تعداد کم کیوں ہورہی ہے؟

پولیس حکام کے مطابق پی ٹی آئی کے دعووں کے برعکس اسلام آباد لانگ مارچ میں ورکرز کی تعداد ہزاروں میں ہوگی، جبکہ پی ٹی آئی نے 40 لاکھ لوگ جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما نے بھی تسلیم کیا کہ استقبال اور قافلے کی تعداد میں کافی زیادہ فرق ہے اور تعداد کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا اصل گیم صوابی میں شروع ہوگا، جس کے لیے سہیل آفریدی مختلف علاقوں سے ہوکر آرام سے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی جب صوابی پہنچیں گے تو ورکرز اپنے اراکین اسمبلی کی قیادت میں صوابی پہنچیں گے، جہاں وزیراعلیٰ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ لوگ نکل رہے ہیں اور فائنل کال کے لیے صوابی پہنچیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کا مالاکنڈ جانے کا بھی پلان ہے تاکہ ورکرز فعال ہوں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں نکلیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ کے قافلے کے ساتھ سفر کرنا مشکل ہے اور زیادہ وقت لگتا ہے، جبکہ پارٹی کی کوشش ہے کہ صوابی میں زیادہ سے زیادہ ورکرز پہنچیں۔

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے نجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ مختلف ڈویژنوں سے قافلے مختلف اوقات میں پہنچیں گے۔

مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوگیا

’پشاور ڈویژن کا 11 اکتوبر کو صوابی پہنچے گا۔ اس طرح ہزارہ اور مالاکنڈ کے قافلے اپنے حساب سے پہنچیں گے اور جب سارے قافلے پہنچیں گے تو تعداد لاکھوں میں ہوگی۔‘

کیا پارٹی میں اختلافات ہیں؟

پی ٹی آئی پارٹی کے اندر اسلام آباد مارچ کے حوالے سے اختلافات کی خبروں کی تردید کررہی ہے، لیکن پارٹی کے باخبر لوگ بتاتے ہیں کہ پارٹی کے اندر لانگ مارچ کو لے کر شدید اختلافات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے پرانے لوگ چاہتے ہیں کہ مذاکرات ہوں اور حالات تصادم کی جانب نہ جائیں، جبکہ سہیل آفریدی گروپ اسلام آباد پہنچنے کے لیے بضد ہے۔

ان کے مطابق تصادم اور احتجاج سے اداروں سے مزید ٹکراؤ کا خدشہ ہے، جس سے نقصان پارٹی کا ہی ہو گا۔

پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے بتایا کہ پارٹی کے پرانے لوگ منظر عام سے غائب ہیں اور اسلام آباد مارچ کے لیے بھی تیاریوں میں نظر نہیں آرہے۔

پی ٹی آئی کیا کہتی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کا موقف ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں لانگ مارچ کامیابی سے جاری ہے اور بڑی تعداد میں ورکرز شریک ہیں۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اکرم کٹھانہ نے نجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ لکی مروت سے لے کر خیبر تک ورکرز نے جس انداز میں سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور نکلے، اسے دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہوئی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ لکی مروت سے شروع ہونے والا قافلہ جب صوابی پہنچے گا تو وہاں عوامی سمندر ہوگا اور منزل اسلام آباد ہوگی۔