ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان، اسلام آباد میں موسلادھار بارش

Calender Icon ہفتہ 10 اکتوبر 2026

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش(Rain) کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی رات اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، ملتان اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں، میں شام اور رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔


خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم شام اور رات کے دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں پسندیدہ عدالتی نامزدگیوں پر مفاہمت

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور گردونواح میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔