پشاور: ریڈ زون جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر سیل، بی آر ٹی سروس معطل

Calender Icon اتوار 11 اکتوبر 2026

پشاور میں سیکیورٹی کی غیر معمولی صورتِ حال کے پیش نظر شہر کی اہم شاہراہوں پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیے گئے،مردان ، بٹ خیلہ ،صوابی اور آس پاس علاقوں میں موبائل سروس  بند کر دی گئی جبکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) سروس بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں باچاخان چوک، خیبر روڈ اور فردوس چوک سمیت مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز رکھ کر آمدورفت کے راستے بند کردیے گئے ہیں۔ شہر بھر میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے، جس کے باعث سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق سیکیورٹی صورتِ حال کے پیش نظر بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سروس کی معطلی کے باوجود بی آر ٹی کا عملہ اسٹیشنز پر موجود ہے۔

مزید پڑھیں:‘ہمیں تو ایف-35 کے قریب بھٹکنے بھی نہیں دیا’: بھارتی ایئرفورس چیف کا امریکی کمانڈر کے سامنے شکوہ

دوسری جانب گورنر ہاؤس پشاور میں تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق عملے کو گورنر ہاؤس پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

شہر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم، فراہم کردہ اطلاعات میں سیکیورٹی اقدامات کی وجوہات اور ان کے دورانیے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔