بلوچستان میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے پیپلز مینارٹی کارڈکے اجراء کا فیصلہ

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے “پیپلز مینارٹی کارڈ” کے اجراء کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے رواں مالی سال مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس میں پروگرام کے خدوخال پر غور کیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئندہ مالی سال مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے تحت پروگرام کا بجٹ ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز مینارٹی کارڈ کے ذریعے اقلیتوں کو صحت، تعلیم، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی بہبود حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے لیے معاونت اور ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں تعلیم و ہنر کی فراہمی اور چھوٹے کاروبار کی معاونت شامل ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پیپلز مینارٹی کارڈ صوبے میں سماجی مساوات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا ایک عملی مظہر ثابت ہوگا۔