ہسپانوی اسکیٹر نے 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا

Calender Icon ہفتہ 17 اکتوبر 2026

سپین سے تعلق رکھنے والے اسکیٹ بورڈر ڈیاگو پونسلیٹ نے کینیڈا میں ڈھلوان پر اسکیٹ بورڈ چلاتے ہوئے 94.34 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 151.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 27 سالہ ڈیاگو پونسلیٹ نے کھڑے ہوکر ڈھلوان پر اسکیٹ بورڈ چلانے کی تیز ترین رفتار کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

انہوں نے یہ کارنامہ کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے علاقے شارلووا میں روٹ دے ایبولمان کی ایک بند سڑک پر انجام دیا۔ پونسلیٹ نے اسی مقام کا انتخاب کیا جہاں اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ قائم کیا جا چکا تھا۔

ڈیاگو پونسلیٹ کے مطابق انہوں نے پہلی آزمائشی دوڑ کے دوران 91.27 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 146.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، جو سابقہ عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے کافی تھی۔

تاہم، وہ اس رفتار پر مطمئن نہیں ہوئے اور موسم کی بہتر صورتحال کے انتظار میں مزید پانچ دن گزارے۔ بالآخر 22 ستمبر کو انہوں نے 94.34 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

پونسلیٹ نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں کبھی کھل کر یہ تسلیم نہیں کیا تھا کہ ان کا اصل ہدف 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنا ہے، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ شاید وہ اس ہدف تک نہ پہنچ سکیں۔

مزید پرھیں:خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باوجود مہنگائی قابو میں ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

ان کے مطابق 91.27 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کے باوجود وہ مطمئن نہیں تھے، لیکن جب انہوں نے 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ہدف عبور کیا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔