ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدرعزت مآب محمد معیزو 11 سال بعد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم کی دعوت پر صدر مالدیپ کے دورہ پاکستان میں خاتون اول ساجدہ محمد، وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی ہمراہ ہوگا۔
صدر ڈاکٹر معیزو صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کریں گے، صدر آصف زرداری معزز مہمان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت بھی دیں گے، مہمان صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ تجارت،سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت اور زراعت میں تعاون پر بات ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں دفاع، بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی غور ہوگا، دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کاروباری فورم بھی منعقد کیا جائے گا، مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات قائم ہیں، جن کا آغاز جولائی 1966 میں ہوا تھا۔ یہ تعلقات اسلامی بھائی چارے اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون(سارک) جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں دونوں ممالک کی مشترکہ شرکت پر مبنی ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 27 نومبر تک توسیع، نوٹم جاری
یہ دورہ اس لیے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ دورہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی نئی راہیں کھولنے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔













اتوار 18 اکتوبر 2026 

