گورنر سندھ سے انڈونیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے انڈونیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل مدذاکرنے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ سندھ کے صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے انڈونیشیائی منڈی اور تجارتی تقاضوں سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کراچی بندرگاہ کی استعداد سے بھرپور استفادے اور لاجسٹکس سہولیات میں بہتری پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔قونصل جنرل مدذاکر نے گورنر ہاؤس کے مرکزی دروازے پر نصب “امید کی گھنٹی” کا معائنہ کیا اور اسے بجا کر خوشگوار حیرت و مسرت کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران قونصل جنرل مدذاکر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی دفتر کا بھی دورہ کیا، قائداعظمؒ کے زیرِ استعمال اشیاء کا مشاہدہ کیا اور انہیں قومی ورثہ قرار دیا-دورے کے اختتام پر قونصل جنرل نے گورنر ہاؤس کے احاطے میں پودا لگایا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔