خیبر پختونخوا میں سہیل آفریدی(Sohail Afridi) کی حکومت معطل ہونے اور نئے انتظامی سیٹ اپ کے قیام کے بعد عوام پشاور رنگ روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے مستقبل کے حوالے سے خدشات کا شکار ہیں تاہم متعلقہ حکام نے اس معاملے پر صورتحال واضح کردی ہے۔
صوبے میں حکومتی تبدیلی اور نئے سیٹ اپ کے بعد بھی ان منصوبوں پر کام جاری ہے اور نئے سیٹ اپ کے آنے کے بعد ان کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا اور ان کی تعمیر میں تعطل پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
چند ماہ پہلے پشاور رنگ روڈ پر مختلف مقامات پر اربوں روپے کی لاگت سے 7 اہم پلوں اور انڈر پاسز پر کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ اب حیات آباد ٹول پلازہ انڈر پاس، ہزار خوانی پل اور کبوتر چوک انڈر پاس کے منصوبوں پر کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ پشتخرہ چوک انڈر پاس، جمیل چوک اور پیر زکوڑی پل اوور ہیڈ اور ورسک روڈ پل پر کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی اور رنگ روڈ سگنل فری ہو جائے گی۔
حکومت کی معطلی کے بعد ان منصوبوں پر کام جاری رہنے یا رک جانے کے حوالے سے شہریوں میں بے چینی پائی جاتی تھی کیونکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تعطل کی صورت میں نہ صرف منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا خدشہ تھا بلکہ پہلے سے جاری تعمیراتی کاموں کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات بھی برقرار رہ سکتی تھیں۔
مزیدپڑھیں:مدینہ منورہ پر 4 ڈرونز سے حملہ، سعودی اتحادی افواج نے تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا
تاہم نئے انتظامی سیٹ اپ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی یقین دہانی کے بعد ان خدشات میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے اور شہریوں کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ کام کی رفتار بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
کمشنر پشاور کی پیشرفت رپورٹ طلب، کام تیز کرنے کی ہدایت
دوسری جانب کمشنر پشاور خالد محمود نے رنگ روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں جمیل چوک انڈر پاس، ہزار خوانی فلائی اوور، پشتخرہ چوک انڈر پاس اور حیات آباد رنگ روڈ ٹول پلازہ کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس سمیت اہم منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
رنگ روڈ کو سگنل فری بنانے کا منصوبہ
پشاور رنگ روڈ پر انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کا بنیادی مقصد مختلف چوراہوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت کو ممکن بنانا ہے۔
ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد رنگ روڈ کو سگنل فری بنانے، شہریوں کے سفر کو آسان بنانے اور مختلف علاقوں کے درمیان رابطہ بہتر کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ بالخصوص مصروف چوراہوں پر ٹریفک جام کے باعث روزانہ وقت ضائع ہونے سے شہریوں کو چھٹکارا مل سکے گا۔













بدھ 21 اکتوبر 2026 

