بھارتی ٹیلی ویژن اور بالی ووڈ فلموں کی معروف سینیئر اداکارہ انیتا کنول(Aneeta Kanwal) نے شوبز انڈسٹری میں دہائیوں پر محیط کیریئر کے باوجود کام نہ ملنے اور سنگین مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
72 سالہ اداکارہ نے ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی جمع پونجی آئندہ ایک سال میں ختم ہو جائے گی جبکہ وہ اپنے بچوں پر معاشی طور پر منحصر ہونا نہیں چاہتیں۔
انیتا کنول کا کہنا تھا کہ ’مجھے کمانے کی ضرورت ہے، ہو سکتا ہے میں مزید 10 سے 20 سال جی جاؤں تو پھر میں معاشی لحاظ سے کیا کروں گی؟ میں ایک خوبصورت گھر میں رہتی ہوں، جس کا کچھ حصہ میرے والدین نے بنایا اور کچھ کے لیے میں نے قرض لیا جو میں ادا کرچکی ہوں، یہی میرا واحد اثاثہ ہے اور میرے پاس جو تھوڑی سی بچت ہے مجھے معلوم ہے کہ وہ ایک سال میں ختم ہو جائے گی، اسی لیے مجھے کام کی شدید ضرورت ہے، پیسے ختم ہو رہے ہیں‘۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا بھارت میں اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب بھی وہ اپنے مالی حالات پر پریشان ہوتی ہیں تو ان کے بچے ان پر ناراض ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کے ہوتے ہوئے انہیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ انسان کو ہمیشہ دوسروں سے مانگنے کے بجائے دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں کبھی ایسے مقام پر نہیں پہنچنا چاہتیں جہاں انہیں اپنے بچوں سے پیسے مانگنے پڑیں بلکہ وہ اس حال میں رہنا چاہتی ہیں کہ اپنے بچوں کو دے سکیں۔













بدھ 21 اکتوبر 2026 

