پنجاب حکومت نے راولپنڈی شہر میں جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں 45 الیکٹرک بسیں چار اہم روٹس پر چلائی جائیں گی، جن کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، ان بسوں سے روزانہ تقریباً 20 ہزار مسافروں کو سفری سہولت حاصل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق الیکٹرک بسوں کی چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر میٹرو اسٹیشن اور اولڈ واران ڈپو میں جاری ہے تاکہ سروس کو بلاتعطل برقرار رکھا جا سکے۔ ابتدائی روٹس میں فی الحال صدر تا 26 نمبر چونگی، صدر تا اڈیالہ روڈ، راجہ بازار تا کرال چوک اور راجہ بازار تا ساون اڈا کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ تک ان روٹس پر الیکٹرک بسیں فعال ہو جائیں گی، جبکہ مکمل نیٹ ورک جس میں 10 روٹس شامل تھے اس کو فعال کرنے میں مزید چند ماہ لگیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب بھر میں 1,500 الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، میانوالی، لاہور، گجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا افتتاح ہو چکا ہے۔
الیکٹرک بس میں 80 مسافروں کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کی جگہ موجود ہوتی ہے جبکہ اس میں بیٹھنے کے لیے 30 نشستیں ہوتی ہیں، بس میں جی پی ایس ٹریکنگ، وائی فائی، یو ایس بی چارجنگ پورٹس، اینٹی سلِپ فلورنگ، نگرانی کے کیمرے، اور معذور افراد کے لیے خصوصی رَیمپس نصب کیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق الیکٹرک بس اسٹاپس پر پانی کے کولرز، پنکھوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ آرام دہ ماحول دیا جا سکے، بس میں سفر کرنے والے عام شہریوں کے لیے کرایہ 20 روپے فی سفر رکھا گیا ہے جبکہ طلبا، بزرگ شہری اور خصوصی افراد اس بس میں مفت سفر کر سکیں گے۔












منگل 28 اکتوبر 2025 