وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی المعراجی طوافہ کمپنی کی جانب سے اخراجات میں کمی کے بعد حکومتِ پاکستان آئندہ حج 2026 کے پیکیج میں لاگت کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی کمپنی نے فی حاجی 200 ریال (قریباً 53 ڈالر) کم بولی دی ہے، جس سے پاکستانی عازمین کے لیے مجموعی اخراجات میں کمی متوقع ہے۔
پاکستانی حج اسکیم کے تحت سرکاری پیکیج کی موجودہ لاگت 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہے، جو حتمی معاہدوں کے بعد طے پائے گی۔
سردار یوسف نے کہا کہ جو رقم بچائی جائے گی، وہ حاجیوں کو واپس کی جائے گی۔ رواں برس بھی اصل اخراجات اندازے سے کم آنے پر 66 ہزار عازمین کو 12.2 ملین ڈالر (قریباً 3.45 ارب روپے) واپس کیے گئے تھے۔
سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمٰن کے مطابق المعراجی کمپنی کی فراہم کردہ سہولیات میں ائیر کنڈیشنڈ خیمے اور آرام دہ بستر شامل تھے، جو پاکستانی عازمین کے لیے اطمینان بخش رہیں، جنہیں وزیرِاعظم پاکستان نے بھی سراہا۔
وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ آئندہ سال کا حج مزید بہتر، شفاف اور حاجیوں کے لیے آسان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔












منگل 28 اکتوبر 2025 