پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقوق اور وقار کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی، شازیہ مری

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ  پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں جمہوری تبدیلی کے لیے متحد اور کوشاں ہے ۔

شازیہ مری نے کہا کہ  آزاد کشمیر کے عوام ایک نمائندہ اور جوابدہ حکومت کے حقدار ہیں اور عدم اعتماد کی تحریک ذاتی نہیں بلکہ آئینی حق ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ  پیپلز پارٹی کی طاقت عوام کے اعتماد اور جمہوری مینڈیٹ میں ہے ، جبکہ  آئینی عمل کو بحران بنانا غیر جمہوری رویہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں استحکام اور شفاف طرزِ حکمرانی یقینی بنائے گی  اور  جو عوامی خدمت میں ناکام رہے، انہیں دستبردار ہونا ہوگا ۔ شازیہ مری نے جمہوری قوتوں سے اتحاد کو  ذمہ داری کا مظہر  قرار دیا، نہ کہ  وقتی مفاد ۔

انہوں نے یاد دلایا کہ  پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کے ہر حصے میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا  اور  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن پارٹی کے ذمہ دارانہ کردار کی رہنمائی کر رہا ہے ۔ آخر میں شازیہ مری نے یقین دلایا کہ  پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقوق اور وقار کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی ۔

یہ بیان آزاد کشمیر میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں پیپلز پارٹی کی جمہوری اور عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔