وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگا بغینڈے سے ملاقات

Calender Icon منگل 28 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگا بغینڈے سے ملاقات کی اور پاکستان کے معاشی استحکام، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور عالمی اقتصادی فورم کے درمیان مضبوط تعلقات کی تعریف کی اور آئندہ سال جنوری میں ڈیووس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں میکرو اکنامک اشاریے اطمینان بخش رہے ہیں۔ حکومت استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برآمدات کے فروغ، نوجوان افرادی قوت کی تربیت اور آئی ٹی شعبے میں ترقی حکومت کی ترجیحات ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اہم پل قرار دیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگا بغینڈے نے پاکستان کے فعال کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور زرعی معیشت اور غذائی تحفظ کے مضبوط نظام کے لیے فورم کی شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔

بورگا بغینڈے نے کہا کہ وہ پاکستان کی مسلسل حمایت سے پرامید ہیں اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔