کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ سہولتکاری کیس، ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت مسترد

Calender Icon بدھ 29 اکتوبر 2025

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب غیرملکیوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کے کیس میں گرفتار ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب غیرملکیوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے، ملزمہ خودکش حملہ آور شاہ فہد کے حب سے کراچی میں داخلے کے وقت گاڑی میں ساتھ بیٹھی تھی۔

ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، ملزمہ کے کسی کالعدم تنظیم سے تعلق کے بھی شواہد نہیں ہیں۔

عدالت میں وکیل صفائی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والی خاتون گل نساء نہیں ہے۔

پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ کیس میں سہولت کاری کے الزام میں ملزم جاوید بھی گرفتار ہے۔

واضح رہے کہ 6 اکتوبر کے خود کش حملے میں 2 چینی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔