لاس اینجلس: زرعی مزدوروں کے حقوق کی معروف ترین رہنما اور سول رائٹس تحریک کی مرکزی شخصیت ڈولورس ہوئرٹا (Dolores Huerta) انتقال کر گئی ہیں۔
ڈولورس ہوئرٹا کی تاریخی جدوجہد اور یونائیٹڈ فارم ورکرز کا قیام:
ڈولورس ہوئرٹا کو امریکی مزدور تحریک کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے 1960ء کی دہائی میں مشہور رہنما سیزر چاویز (César Chávez) کے ساتھ مل کر ‘یونائیٹڈ فارم ورکرز آف امریکہ (UFW) کی بنیاد رکھی۔ اس تنظیم نے امریکہ کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے لاطینی امریکی اور دیگر تارکینِ وطن مزدوروں کے حقوق کے لیے ناقابلِ فراموش جدوجہد کی۔
عزم اور نعرہ:
انہوں نے تاریخی نعرہ “Si, se puede(ہاں، ہم کر سکتے ہیں) دیا، جو بعد میں دنیا بھر کی حقوقِ انسانی کی تحریکوں اور امریکی صدارتی مہمات کا مرکزی نعرہ بن گیا۔
حقوق کے لیے مظاہرے: ڈولورس ہوئرٹا نے انگور کی فصل اٹھانے والے مزدوروں کی مشہورِ زمانہ ہڑتالوں اور بائیکاٹ کی قیادت کی، جس کے نتیجے میں امریکی تاریخ میں پہلی بار زرعی مزدوروں کو بہتر اجرت، طبی سہولیات اور ملازمت کا تحفط حاصل ہوا۔
چیکانو تحریک اور خواتین کے حقوق کی گاڈ مادر:
لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈولورس ہوئرٹا کوچیکانو پاور موومنٹ (Chicano Power Movement) کی گاڈ مادر اور امریکی لیبر یونین کی تاریخ کی سب سے بااثر خاتون قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف مزدوروں کے لیے آواز اٹھائی بلکہ خواتین کے سیاسی و سماجی حقوق اور نسلی تفریق کے خاتمے کے لیے بھی زندگی کے آخری ایام تک کام کیا۔
وہ دہائیوں تک سڑکوں پر مظاہرے کرتی رہیں اور قانون سازی کے ایوانوں میں مظلوموں کا مقدمہ لڑتی رہیں۔ ان کا ماننا تھا کہ منظم جدوجہد اور پرامن احتجاج کے ذریعے ہی غریب اور پسے ہوئے طبقے کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔
اعزازات اور عالمی ردِعمل:
ان کی بے لوث اور طویل خدمات کے اعتراف میں 2012ء میں امریکی صدر براک اوباما نے انہیں امریکہ کے سب سے بڑے شہری اعزاز ‘پریذیڈنشل میڈل آف فریڈم (Presidential Medal of Freedom) سے نوازا تھا۔
ان کی وفات پر امریکی صدر، رکنِ کانگریس، مزدور یونینوں کے رہنماؤں اور دنیا بھر کے سول سوسائٹی کے اراکین کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عالمی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈولورس ہوئرٹا کی رحلت سے مظلوموں، مزدوروں اور ناانصافی کے خلاف لڑنے والی ایک مضبوط ترین آواز خاموش ہو گئی ہے، تاہم ان کا پیغام اور ان کا نعرہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنا رہے گا۔













بدھ 28 اکتوبر 2026 

