پاکستان کے سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ کپل شرما بار بار 1990ء کی یادگار وکٹ کا تذکرہ کرکے نوجوت سنگھ سدھو کو چھیڑتے ہیں، جس کے باعث وہ اس واقعے پر ناراض ہونے لگے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس(Waqar Younis) نے 1990ء میں شارجہ میں کھیلے گئے آسٹریلیا ایشیا کپ کے ایک میچ میں بھارتی بلے باز نوجوت سنگھ سدھو کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کرنے کے یادگار واقعے پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں اس واقعے کو بار بار زیرِ بحث لانے کا ذمہ دار بھارتی کامیڈین کپل شرما کو قرار دیا۔
شبھانکر مشرا پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ان کے خیال میں کپل شرما نے یہ سارا معاملہ سدھو کے ذہن میں بٹھا دیا ہے۔ سدھو شارجہ میں ان کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے، لیکن اس واقعے کو ضرورت سے زیادہ اچھالا گیا۔
مزیدپڑھیں:خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
وقار یونس نے سدھو کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ایسا ہوتا رہتا ہے، اس لیے انہیں اسے زیادہ سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
وقار یونس کے مطابق کپل شرما بار بار اس وکٹ کا تذکرہ کرتے اور سدھو کو اس حوالے سے چھیڑتے رہے۔ سدھو نے بھی اس واقعے پر ردعمل دیا، جس کے بعد یہ معاملہ مزید مشہور ہوگیا اور بالآخر وہ اس کے ذکر سے جھنجھلاہٹ کا شکار ہونے لگے۔
واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کپل شرما کے شو میں بطور جج شرکت کرتے ہیں، جہاں کامیڈین اکثر انہیں وقار یونس کی اس گیند پر آؤٹ ہونے کا واقعہ یاد دلاتے ہیں۔
1990ء کے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے تھے۔ سلیم یوسف نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ جواب میں بھارت کی ٹیم 209 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے 26 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ وقار یونس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سدھو سے قبل منوج پربھاکر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ سدھو اپنی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے۔













جمعہ 30 اکتوبر 2026 

