وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری(Talal Chaudhry) نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور شہر کو ہر صورت تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے، جس کے دوران اربوں روپے مالیت کی سرکاری اور نجی زمین واگزار کرائی گئی ہے۔ صرف سیکٹر ای الیون میں 200 ارب روپے مالیت کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت شہر بھر میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ تجاوزات کے باعث جن شہریوں کے پلاٹس پر قبضے کیے گئے تھے، انہیں ان کی زمینیں واپس دلوائی گئی ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں جس کسی نے بھی غیر قانونی تجاوزات قائم کیں، اسے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے امان اللہ کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے عقب سے بھی تجاوزات ختم کرائی گئی ہیں، جبکہ پشاور میں بھی غیر قانونی تجاوزات مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ گرین بیلٹ پر سیکیورٹی کے نام پر جگہ کو بلاک کرنا جائز نہیں۔ کیا کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ عوام کا راستہ روک دے؟ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو غیر قانونی طور پر راستے بند کرنے اور سرکاری یا عوامی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملہ کیا ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ شہادتوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے پلاٹوں پر قابض ہیں۔ آپ محسن نقوی کی کسی بات کا جواب نہیں دے سکے۔ کسی کو شہدا کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ کیا سیاست کے زور پر سڑکوں پر قبضہ کیا جائے گا؟ آپ ریاست کو کچھ نہیں دے سکے تو کم از کم غیر قانونی کام ہی چھوڑ دیں۔ مذہب کے نام پر غیر قانونی قبضے کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان ان کے سوالات کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ذاتی حملے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ذاتی حملوں کے ذریعے جواب دینے کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اگر جذبات میں آکر کوئی جواب دیا گیا ہے تو اسے اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تجاوزات کے خاتمے کے معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اسلام آباد کو قبضوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔













ہفتہ 31 اکتوبر 2026 

