وزیراعظم شہباز شریف کا ترکیہ کے 102ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب

Calender Icon بدھ 29 اکتوبر 2025

اسلام آباد:ترکیہ کے 102ویں قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ اور عبدالعلیم خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کی قیادت اور عوام کو قومی دن کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں” اور اسلام آباد میں ترکیہ اور پاکستان کے پرچم لہرا رہے ہیں جو دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیراعظم نے ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو قابل فخر کامیابیوں سے بھرپور قرار دیا اور کمال اتاترک کو جدید ترکیہ کی بنیاد رکھنے والے عظیم رہنما قرار دیا۔

انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی غیر معمولی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی وجہ سے ترکیہ جدت، تہذیب اور ثقافت کا ایک خوبصورت امتزاج بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قریبی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان کا ترکیہ کے ساتھ محبت اور خلوص کا رشتہ ہے۔

تقریب میں وزیراعظم نے حالیہ چار روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان نے انڈیا کو سبق سکھا دیا”اور افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں چار دن میں دشمن کو سبق سکھایا۔ انہوں نے ترک صدر طیب ایردوان کی تعریف کی کہ بھارت سے جنگ کے دوران وہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قبرص کے حوالے سے ترکیہ کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل پر پاکستانی موقف کی حمایت کی۔ انہوں نے ترکیہ کی ہمیشہ پیش پیش مدد کا ذکر کیا اور کہا کہ جنگ ہو، تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب، ترکیہ مدد میں سب سے آگے رہا۔

وزیراعظم نے عرفان نذیر اوغلو کو پاکستان اور ترکیہ دونوں ممالک کا سفیر قرار دیا جو دونوں اقوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں ترکیہ کی ترقی، پاکستان ترکیہ دوستی اور باہمی تعاون پر زور دیا گیا اور شرکاء نے دونوں ممالک کے پرچم تلے تصاویر کھنچوائیں۔