ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: 7 خوارج ہلاک،کیپٹن سمیت  6 جوان شہید

Calender Icon بدھ 29 اکتوبر 2025

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع کرم کے علاقے ڈوگر میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران فتنہ الخوارج کے 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، محمد ولید اور محمد شہباز شامل ہیں۔

کیپٹن نعمان سلیم 24 سال کی عمر میں شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوئے، ان کا تعلق میانوالی سے تھا۔آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔بھارت کی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ پاک فوج کا عزم ہے کہ ملکی امن و سلامتی کے دشمنوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔