ٹرمپ کا بھارتی وزیرِاعظم کی نقل اُتارتے ہوئےمذاق،مودی کو ’’قاتل‘‘ اور ’’سخت گیر‘‘ قرار دیا

Calender Icon جمعرات 30 اکتوبر 2025

سیئول (وقائع نگار) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دلچسپ موقع پر ہنستے ہوئے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی گفتگو کے انداز میں ان کی نقل اُتاری۔

گزشتہ روز جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (ایپیک) کی سربراہی کانفرنس سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے مودی کو ’’قاتل‘‘ اور ’’انتہائی سخت مزاج شخص‘‘ قرار دیا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیرِاعظم محمد شہباز شریف دونوں کے لیے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’میرا مودی سے بہت اچھا تعلق ہے اور شہباز شریف کے ساتھ بھی زبردست تعلقات ہیں، وہ ایک میدان کے رہنما اور شاندار فائٹر ہیں‘‘۔

“مودی بہت سخت ہیں”
ٹرمپ نے مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپنی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک سے رابطہ کر کے انہیں لڑائی روکنے کی اپیل کی تھی۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’مودی بہت وجیہہ ہیں، ایسے لگتے ہیں جیسے تمہارے والد ہوں، مگر اُس وقت انہوں نے مجھے جواب دیا جیسے کوئی قاتل کہتا ہے کہ نہیں، ہم لڑیں گے، وہ واقعی بہت سخت ہیں‘‘۔

ٹرمپ نے مزید کہاکہ ’’میں نے سوچا کیا یہ وہی شخص ہے جسے میں جانتا ہوں؟لیکن ان کے مطابق کچھ ہی عرصے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات معمول پر آگئے اور دونوں نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ ٹرمپ دو روز قبل ملائیشیا سے جاپان پہنچے تھے اور آج صبح جنوبی کوریا پہنچے۔ کل جمعرات کو ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے متوقع ہے، جس سے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ٹرمپ کے لیے چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پانا سب سے بڑی کامیابی اور عالمی منڈیوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔