نیا واٹس ایپ فیچر،پیغام کے نمبر سے کال، تاریخ سے ایونٹ اور پتے سے مقام تلاش کرنا ممکن

Calender Icon بدھ 4 نومبر 2026

واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے پیغامات میں موجود فون نمبرز پر کلک کرکے کال یا نمبر محفوظ کیا جاسکے گا۔

 تاریخ اور وقت کو کیلنڈر میں شامل کیا جاسکے گا، جبکہ کسی پتے کو براہ راست نقشے میں کھولنے کی سہولت بھی ملے گی۔

نئے فیچر کو ’میسج ٹیکسٹ ایکشنز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت پیغام میں موجود متعلقہ معلومات کے نیچے نقطوں کی لکیر ظاہر ہوگی، جس پر کلک کرنے سے صارف کو دستیاب اختیارات نظر آئیں گے۔

فون نمبر پر کلک کرکے اسے نقل کرنے، رابطوں میں محفوظ کرنے یا کال کرنے کی سہولت ملے گی، جبکہ تاریخ اور وقت کو موبائل کیلنڈر میں شامل کیا جاسکے گا یا واٹس ایپ کے اندر تقریب ترتیب دی جاسکے گی۔

اسی طرح پیغام میں درج پتے کو نقل کرنے یا نقشے کی ایپلی کیشن میں کھولنے، جبکہ ای میل ایڈریس کو نقل کرنے یا موبائل کی ای میل ایپلی کیشن میں کھولنے کا اختیار بھی دستیاب ہوگا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ فیچر موصول ہونے اور بھیجے جانے والے دونوں طرح کے پیغامات میں کام کرے گا۔ صارفین کو فراہم کردہ تجاویز کے بارے میں رائے دینے اور غلط شناخت کی نشاندہی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ پیغامات میں موجود معلومات کی شناخت صارف کے موبائل فون پر ہی کی جاتی ہے اور اس مقصد کے لیے پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز پر نہیں بھیجا جاتا، اس طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہتی ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعلی پنجاب کا لیگل نوٹس ملا تو پھر جواب دونگا، چوہدری سالک

یہ سہولت فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے تازہ ترین نسخے استعمال کرنے والے بعض صارفین کو مرحلہ وار فراہم کی جا رہی ہے۔ تمام صارفین کے لیے اجرا کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہونے کی توقع ہے۔