کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے پیش نظر اسلام آباد کی ایکسپریس ہائی وے(Express Highway) اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورژنز لگائی جائیں گی، جس کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات اور ٹریفک کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے پر سرینہ چوک سے نائنتھ ایونیو تک مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ اس دوران سری نگر ہائی وے کی ٹریفک سہروردی روڈ، جی ایٹ اور جی نائن کی سروس روڈز استعمال کرے گی، جب کہ زیرو پوائنٹ اور فیض آباد کی جانب جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو کی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ سے گزرے گی۔
پولیس نے بتایا کہ کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔ کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ یا کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ متبادل راستے ہوں گے۔
مزیدپڑھیں:شوگر کے مریضوں کیلئے بڑی خوشخبری
اسی طرح اسلام آباد سے باہر جانے والے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرسکیں گے، جب کہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والوں کو بنی گالا اور پارک روڈ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ڈائیورژنز کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے، اس لیے شہری اپنی منزل پر بروقت پہنچنے کے لیے سفر سے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت لے کر نکلیں۔
ترجمان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہوں گے۔ شہری مزید معلومات اور تازہ ٹریفک صورت حال کے لیے اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے رجوع کریں۔













ہفتہ 7 نومبر 2026 