سپریم کورٹ میں افغان شہری کو پاکستانی اوریجن کارڈ کے اجرا سے متعلق کیس کی سماعت ۔عدالتِ نے پشاور ہائیکورٹ کا یکم دسمبر 2023 کا فیصلہ معطل کر دیا۔ افغان شہری کو پاکستانی اوریجن کارڈ کے اجراء سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےکی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کو پاکستانی خواتین سے شادی پر پی او سی کارڈ اور شہریت دینے کا حکم دیا تھا۔ حکومت کو پی او سی کارڈ کے اجرا پر اعتراض نہیں، لیکن شہریت دینا آئینی طور پر ممکن نہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ شہریت دینے کی بنیاد واضح ہونی چاہیے، کل کتنے درخواست گزار ہیں؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایک سو سترہ درخواست گزار ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کوئی قانونی راستے سے آیا یا غیر قانونی طور پر۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ ، افغان شہری کو پاکستانی اوریجن کارڈ کے اجرا سے متعلق کیس
جمعرات 30 اکتوبر 2025












