راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن (Rabia Ahsan)کے قتل کے مقدمے میں نیا موڑ آگیا۔ مقتولہ کے بھائی اور مدعی مقدمہ خرم احمد نے کیس واپس لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بہن کے ناحق قتل کو کیسے معاف کرسکتے ہیں، پولیس کی ذمہ داری ہے کہ تفتیش کے ذریعے واقعے کی اصل حقیقت اور محرکات سامنے لائے۔
اس سے قبل خرم احمد نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان کا خاندان، والدہ اور بہن اس واقعے کو حادثہ سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق شادی کے 14 سال کے دوران میاں بیوی کے درمیان کوئی ناچاقی نہیں تھی اور واقعے سے قبل بھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا۔ تاہم بعد میں مقدمہ واپس لینے کے تاثر پر انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہے۔
دوسری جانب پولیس نے ربیعہ احسن کی پراسرار موت کے مقدمے میں گرفتار ان کے شوہر احسن کو عدالت میں پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی لاش 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی تھی۔ ان کی گردن کے نچلے حصے میں گولی لگنے کا نشان تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے ایک غیر لائسنس یافتہ 30 بور پستول بھی برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا۔
مزیدپڑھیں:سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی حالت تشویشناک، بشریٰ انصاری کی مداحوں سے دعا کی اپیل
واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو حراست میں لے لیا تھا، جو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔ تھانہ صدر بیرونی میں مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو مؤقف دیا کہ وہ کپڑے کی الماری سے پستول نکال رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔
پوسٹ مارٹم اور ابتدائی جائزہ رپورٹس کے مطابق گولی سامنے سے گردن کے نچلے حصے میں لگی، جو ان کی فوری موت کا سبب بنی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کے تمام مالی، سیکیورٹی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے فرانزک شواہد لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ سی پی او راولپنڈی کے مطابق تفتیش کو پوسٹ مارٹم، فرانزک رپورٹ اور ملزم کے جسمانی ریمانڈ کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں آگے بڑھایا جائے گا۔












منگل 10 نومبر 2026 