کرپٹو صارفین کے تحفظ کیلئے ورچوئل اثاثہ جات الائنس کے قیام کا اعلان

Calender Icon منگل 10 نومبر 2026

کرپٹو اثاثوں کی چوری کے واقعات کے بعد پاکستان میں ورچوئل اثاثہ جات کے صارفین کے تحفظ، آگاہی اور سائبر سیکیورٹی کے فروغ کے لیے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان (ویپ) کے باضابطہ قیام کا اعلان کردیا گیا۔

اسلام آباد میں الائنس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کے قیام اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو ویپ کی پہلی چیئرپرسن جبکہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری منیجر سید احتشام حمدانی کو سینئر وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

سید احتشام حمدانی کے مطابق پاکستان کرپٹو اپنانے کے عالمی اشاریے میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا تخمینہ غیر مصدقہ ہے اور اس حوالے سے آزادانہ طور پر تصدیق شدہ اعدادوشمار دستیاب نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویپ کا منصوبہ کرپٹو صارفین سے متعلق مستند اعدادوشمار جمع کرنا ہے۔ اتحاد کا مقصد سرمایہ کاروں میں آگاہی، سائبر سیکیورٹی کی تعلیم اور پاکستان کی ورچوئل اثاثہ صنعت میں شفاف اور ذمہ دارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

سید احتشام حمدانی کا کہنا تھا کہ اتحاد کے ذریعے عالمی تجربات سے پاکستان کی ڈیجیٹل اثاثہ صنعت کو مستفید کرنے کے ساتھ آزادانہ تحقیق اور مقامی اداروں کے تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اس اقدام میں صنعت کے ماہرین اور اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ویپ کو کوئی ریگولیٹری اختیار یا حکومتی توثیق حاصل نہیں، بلکہ یہ اتحاد ذمہ دارانہ مارکیٹ سرگرمیوں اور شواہد پر مبنی پالیسی مکالمے کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔

مزید پڑھیں:چشمہ 5 منصوبہ، ساتواں جوہری بجلی گھر،چین کی مدد سے تعمیر کیا گیا: شہبازشریف

ویپ کے قیام کا مقصد پاکستان میں ورچوئل اثاثوں کی صنعت کو زیادہ شفاف، ذمہ دار اور مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ فریقین کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔