سموسوں اور پکوڑوں کے ساتھ ہم زہر کیسے کھا رہے ہیں؟ یہ غلطی ہرگز نہ کریں

Calender Icon بدھ 11 نومبر 2026

لاہور : بازار سے گرم گرم سموسوں، پکوڑوں، جلیبیوں یا دیگر تلی ہوئی اشیا خرید کر اخبار میں لپیٹ کر لانا عام بات ہے جو یقیناً صحت(Health) کیلیے کسی طور بھی بہتر نہیں۔

اس حوالے سے ماہرین صحت نے سختی سے خبردار کیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کو اخبار یا عام پرنٹ شدہ کاغذ میں رکھنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اخبار کی چھپائی میں استعمال ہونے والی سیاہی میں موجود کیمیائی مادے گرم کھانے اور تیل کے ساتھ مل کر غذا میں شامل ہوسکتے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے خطرات پیدا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر کومل مشتاق نے بتایا کہ اخبار کی سیاہی صرف چھپائی کے لیے تیار کی جاتی ہے، اسے کھانے پینے کی اشیا کی پیکنگ کے لیے محفوظ نہیں سمجھا جاتا۔

جب گرم یا تلی ہوئی چیزیں اخبار پر رکھی جاتی ہیں تو حرارت اور تیل کی وجہ سے سیاہی میں موجود کیمیائی اجزا کھانے میں منتقل ہوسکتے ہیں۔ اس طرح یہ مادے غذا کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اخبار کی سیاہی میں سیسہ، سالوینٹس اور دیگر کیمیائی مادے موجود ہوسکتے ہیں، جن کی خوراک میں منتقلی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

جسم میں سیسے اور دیگر مضر مادوں کی موجودگی خون کی کمی اور اعصابی مسائل سمیت مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔ بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے اس کے اثرات زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:مریم نواز کی ’بیڈمنٹن‘ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

ڈاکٹر کومل مشتاق نے خبردار کیا کہ اخبار میں موجود مضر کیمیائی اجزا جگر اور دماغی افعال کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اخبار کی تیاری اور ترسیل کے دوران بھی اس کی صفائی اور حفظانِ صحت کا خیال رکھنا ضروری نہیں ہوتا۔

اخبار مختلف فیکٹریوں، گلیوں، دکانوں اور متعدد افراد کے ہاتھوں سے گزرتا ہے، جس کے باعث اس پر گردوغبار، مٹی اور جراثیم جمع ہوسکتے ہیں۔ یہ آلودگی بھی کھانے کے ذریعے انسانی جسم میں منتقل ہونے کا خدشہ رکھتی ہے۔

ڈاکٹر کومل مشتاق نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرم کھانے، سموسے، پکوڑے اور دیگر اشیا اخبار یا عام پرنٹ شدہ کاغذ میں ہرگز نہ لپیٹیں۔

اس کے بجائے کھانے کی پیکنگ کے لیے مخصوص بٹر پیپر، فوائل یا دیگر فوڈ گریڈ پیکنگ میٹریل استعمال کیا جائے۔ کھانے پینے کی اشیا رکھنے کے لیے اسٹیل، شیشے اور دیگر محفوظ برتنوں کو ترجیح دی جائے، جبکہ پلاسٹک اور اخبار کے استعمال سے گریز کیا جائے۔

ماہرین صحت کے مطابق روزمرہ زندگی میں پیکنگ کے اس معمولی دکھائی دینے والے طریقے کو تبدیل کرکے ممکنہ طبی خطرات سے بچا جاسکتا ہے۔