پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے درمیان پیرس میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

Calender Icon بدھ 11 نومبر 2026

پیرس(نیوز ڈیسک) یورپ اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کے درمیان کاروبار اور تجارتی مواقع بڑھانے کے لئے پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ ’ایم او یو‘ کے تحت سمندر پارآباد پاکستانیوں کے دنیا کے دو بڑے چیمبرز دوبڑے عالمی معاشی خطوں کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس کی طرف سے صدر نوید انور اور نائب صدر عامر حنیف جبکہ پاکستان بزنس فورم یورپ کی جانب سے چیئرمین سردار ظہور اقبال، بانی حاجی اسلم چوہدری اور نائب صدر حمزہ تاج سکھیرہ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پربیرون ملک پاکستانیوں کی وزارت کے وفاقی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری احسان الحق باجوہ مہمانِ خصوصی تھے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کے وفاقی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری احسان الحق باجوہ نے پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کو ایم او یو ہونے پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور وطن کے مستقل سفیر ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی بزنس مین اور کاروباری اداروں کے درمیان اشتراک عمل وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ایم او یو کے نتیجے میں یورپ اور امریکہ میں پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات اور اداروں کے درمیان رابطے بڑھیں گے۔

پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس کی طرف سے صدر نوید انورنے پاکستان بزنس فورم یورپ کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروبار تجارت سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یورپ اور امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد کاروباری اداروں کے اشتراک سے مجموعی طورپر پاکستان اور پاکستانی برادری کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اس ایم او یو کے ہونے سے امریکہ اور یورپ میں پاکستانی تاجروں کے لئے نئی منڈیوں کی تلاش میں مدد ملے گی اور وہ ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ نوید انور نے پاکستان بزنس فورم یورپ کو شکاگو کے دورے کی دعوت بھی دی۔

پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے ایم او یو کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوید انور اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معیشت کے فروغ اور نئے مواقع کی فراہمی کے لئے یہ تعاون ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

پاکستان بزنس فورم یورپ کے پیرس ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں، نامور کاروباری شخصیات اور پاکستانی برادری کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔