راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) نے آج پشاور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے تفصیلی ملاقات کی اور کور ہیڈکوارٹرز 11 کور میں سکیورٹی صورتحال ر جامع بریفنگ حاصل کی۔
آرمی چیف نے قبائلی عوام کی جانب سے حالیہ پاک-افغان تنازعہ میں دیے گئے غیر مشروط تعاون کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان رجیم کے خلاف مسلح افواج سے مکمل تعاون کا عزم دہرایا اور واضح کیا کہ “فتنہ الخوارج (ایف اے کے) کی گمراہ کن سوچ کو قبائل میں کوئی پذیرائی نہیں” ۔ انہوں نے پاکستان میں امن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ “پاکستان تمام ہمسایوں بشمول افغانستان سے امن چاہتا ہے، لیکن افغان سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
انہوں نے انکشاف کیا کہ افغان طالبان رجیم بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہند” کو مکمل پشت پناہی اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا اور پورے ملک سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
کور ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام، آپریشنل تیاری اور انسدادِ دہشت گردی کے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے آغاز پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔












جمعرات 30 اکتوبر 2025 