وزارتِ خارجہ ملکی مفادات کا تحفظ کرتی اور افہام و تفہیم کے پل تعمیر کرتی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ کا ڈپلومیٹک بازار تقریب سے خطاب 

Calender Icon جمعرات 30 اکتوبر 2025

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ  نے ڈپلومیٹک بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے  ثقافت، ذائقوں اور سفارتی تعلقات کا خوبصورت جشن  قرار دیا۔ انہوں نے  وزارتِ خارجہ اور فارن افیئرز لائژن آفس کراچی  کی غیر معمولی لگن اور وژن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ بازار سفارت کاری کے جوہر، دوستی، کشادگی اور انسانیت کو خوبصورتی سے اُجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے  فارن افیئرز لائژن آفس کراچی  کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بشکیک فسادات  میں پاکستانی طلبہ کی واپسی میں کلیدی کردار ادا کیا ، ایران  میں زائرین کے حادثے کے بعد فوری امدادی اقدامات   کئے، سفارتی تعلقات، تجارت، تعلیم اور ثقافت  میں نئے دروازے کھولے

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزارتِ خارجہ ملکی مفادات کا تحفظ کرتی ہے اور افہام و تفہیم کے پل تعمیر کرتی ہے۔ انہوں نے  شہید ذوالفقار علی بھٹو  کو جدید پاکستانی سفارت کاری کا بانی قرار دیا اور  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  کو عالمی سطح پر  ترقی پسند اور پراعتماد پاکستان  کی تصویر کشی کرنے پر سراہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ نے پاکستان کو بہترین سفارت کار دیے۔ ہمیں فخر ہے کہ موجودہ سیکریٹری خارجہ  آمنہ بلوچ  کا تعلق بھی سندھ سے ہے۔ ہماری بیٹیاں پاکستان کی سفارتی قوت بن چکی ہیں۔ اسٹالوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ متاثر ہوئے اور کہا  سندھ کی خوشبو، ذائقہ اور فن پاکستان کی پہچان ہیں۔  سندھی بریانی  کی مہک،  آموں  کی مٹھاس، خواتین کی  دستکاری ،  ثقافتی کپڑے  اور نوجوانوں کا  فنکارانہ مزاج  لاجواب ہے۔

انہوں نے مزید کہا “چاول، پھل، مصالحے اور کپڑے محض برآمدات نہیں، بلکہ ہماری شناخت ہیں۔ کراچی قونصل خانوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ سندھ کے لوگ امن، محبت اور برداشت کے سفیر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں اور خواتین کی بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہیں سفارت کاری کے میدان میں آگے آنا چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ سندھ کے نوجوان  پریمیئر پاکستان فارن سروس  میں شامل ہو کر دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت روشن کریں گے۔

انہوں نے تجویز دی کہ  ڈپلومیٹک بازار ہر سال منعقد ہونا چاہیے  اور اسے  عالمی دوستی اور پاکستانی مہمان نوازی کا جشن  قرار دیا۔آخر میں وزیراعلیٰ نے  وزارتِ خارجہ، ایڈیشنل فارن سیکریٹری خالد جمالی، ڈی جی عرفان سومرو اور فارن افیئرز لائژن آفس کراچی کی ٹیم  کو خراجِ تحسین پیش کیا۔