بنو قابل گیم چینجر، نوجوانوں کا مستقبل تبدیل ہو جائے گا، حافظ نعیم الرحمٰن

Calender Icon جمعرات 30 اکتوبر 2025

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے الخدمت فاؤنڈیشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کی ٹیم نے بنو قابل پروگرام کو زبردست طریقے سے مینج کیا۔ سب سے زیادہ نوجوان شاباش کے مستحق ہیں جنہوں نے پروگرام کو سمجھا اور حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوانوں کی بڑی تعداد منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کا نوجوان آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ کوئٹہ، لاہور، گجرات اور اسلام آباد میں بھی ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔

حافظ نعیم نے بنو قابل کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کا مستقبل تبدیل ہو جائے گا۔ اب تک 12 لاکھ بچے پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں، ابتدائی ٹارگٹ 2 ملین تھا مگر اب اس سے بھی زیادہ بچوں کو رجسٹر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنو قابل کے بعد ہنرمند طلبہ و طالبات کے لیے روزگار کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ وہ بنر مند کے ساتھ باعثِ روزگار بھی بنیں۔ یہ پروگرام صرف غریبوں کا نہیں بلکہ امیر اور پورے پاکستان کا ہے۔

حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جب جماعت اسلامی اپنی مدد آپ کے تحت سکالرشپس دے سکتی ہے تو حکومت کیوں نہیں؟ معاشرے سے تعلیمی تفریق ختم اور انصاف قائم ہونا چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ تعلیم پر توجہ دیں، کلاسز میں چھٹیاں نہ کریں۔ جو لائق بچے ہوں گے ان کے لیے روزگار کا اہتمام ہو گا۔ بچوں کو سفیر بننا ہے اور چراغ سے چراغ جلانا ہے۔

آئندہ منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری پروگرام شروع کیا جائے گا اور یونیورسٹی قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

 

فلسطین کے حوالے سے کہا کہ ہم فلسطین کے بچوں کے ساتھ ہیں، اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کی غلامی کرنے والے خود جائیں، ہم نہیں جائیں گے۔

افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذاکرات میں معاہدہ کریں کہ ان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔