اسلام آباد : وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ ہیں۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان کے عالمی سطح پر ذمہ دار اور تعمیری کردار اور بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا گیا۔
افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے ایک پرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔
علاقائی امن و استحکام کے لیے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو متعدد شعبوں میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔












جمعرات 30 اکتوبر 2025 