دہشتگرد پارٹی کا الزام؛ مرکزی مسلم لیگ کا مریم نواز کو قانونی نوٹس، معافی کا مطالبہ

Calender Icon ہفتہ 14 نومبر 2026

لاہور: مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز(Maryam Nawaz) کو پارٹی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
پارٹی کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں وزیراعلیٰ پنجاب سے 7 روز کے اندر معافی مانگنے، سوشل میڈیا پوسٹیں حذف کرنے اور آئندہ ایسے الزامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قانونی نوٹس میں مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 7 روز میں لگائے گئے الزامات پر معافی مانگیں اور ایکس سمیت سوشل میڈیا سے بے بنیاد الزامات والی پوسٹیں ڈیلیٹ کریں۔ نوٹس کے مطابق مریم نواز تحریری یقین دہانی کروائیں کہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی انہیں کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی۔

مزیدپڑھیں:’تلواریں رکھنے والوں کو قانون نہ پڑھائیں‘، امریکی وزیر خارجہ کی عالمی عدالت پر کڑی تنقید

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز میں معافی نہ مانگی گئی تو مرکزی مسلم لیگ قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے۔ مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (ٹوئٹر) اور الیکٹرانک میڈیا پر مرکزی مسلم لیگ کو ’غیر قانونی پارٹی‘ اور ’دہشت گرد پارٹی‘ قرار دیا، یہ الزامات ہیں۔

نوٹس کے مطابق مرکزی مسلم لیگ نے 2024 کے عام انتخابات میں پارٹی کے انتخابی نشان ’کرسی‘ پر حصہ لیا، جبکہ 8 نومبر 2026 کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔

مرکزی مسلم لیگ نے قانونی نوٹس کے ذریعے مریم نواز سے معافی مانگنے اور آئندہ کسی بھی قسم کے الزامات لگانے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔