پاکستان نے نائیجیریا کو شکست دے کر پولو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

پاکستان نے نائیجیریا کو قرار واقعی شکست دے کر 13ویں پولو ورلڈ کپ کے لیے باضابطہ طور پر کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں قومی ٹیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اپنے تمام میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان نائیجیریا کو 5 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی۔ ابوجا کے گارڈز پولو کلب میں 9 سے 16 نومبر تک جاری رہنے والے اس کوالیفائنگ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران اور میزبان نائیجیریا کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ایران کو 6 کے مقابلے میں 10 گول سے جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 4 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دی تھی اور اس طرح اپنے تینوں میچ جیت کر زون ای کوالیفائرز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق 13واں پولو ورلڈ کپ سال 2027 میں یوراگوئے میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستانی ٹیم عالمی اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اترے گی۔