اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ وزیراعظم کے مشورے کے بغیر سیکیورٹی نہیں ہٹا سکتے، اگر مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار نواز شریف ہوں گے۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے الزام عائد کیا کہ اداروں کے لوگ صبح سے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے گرد چکر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں مسلم لیگ (ن) کیوں خوفزدہ ہے اور اسے کیا مشکل پیش آ گئی ہے، لیکن اب ووٹ کی جگہ بوٹ کا تقدس آ گیا ہے اور حکمران جماعت ہر حال میں اسے سر پر رکھنا چاہتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت محض ایک شو پیس ہے جبکہ پیچھے سے معاملات چلانے والے کوئی اور ہیں جنہیں وہ بھی جانتے ہیں اور عوام بھی بخوبی آگاہ ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دنیا نے دیکھا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ایک پرامن سیاسی و مذہبی جماعت اور تحریک ہے جس نے کئی ادوار اور تجربات دیکھے ہیں، انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں متعدد جلسے کیے جہاں ایک طرف ٹریفک رواں دواں رہی اور دوسری طرف جلسہ ہوتا رہا لیکن ایک گملا تک نہیں ٹوٹا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ان کا آئینی حق ہے جسے وہ استعمال کر رہے ہیں، جبکہ مخالفین انہیں اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ان کے کارکن صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیا کہ وہ سرگودھا میں ہر صورت جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
جے یو آئی رہنما مفتی ابرار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو ادارے انہیں خود ڈھونڈ لیں۔ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زاہد خان خیر سگالی کی بنیاد پر آئے ہیں، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے بیانیے کی ہر جمہوریت پسند اور متعدد سیاسی و مذہبی جماعتیں تائید کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان نے اپنے حکومتی اتحادیوں کو آئینہ دکھایا ہے اور انہوں نے حق اور سچ کی بات کی ہے۔













جمعرات 19 نومبر 2026 
