Advertisement

پیرو میں 6.7 شدت کا زلزلہ، مکانات کو نقصان، لینڈ سلائیڈنگ اور بجلی کی فراہمی متاثر

Calender Icon ہفتہ 21 نومبر 2026

جنوبی امریکی ملک پیرو کے وسطی علاقوں میں 6.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے(Earthquake) محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں بعض مکانات کو نقصان پہنچا، بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، تاہم کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلہ جمعے کی شام مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 9 منٹ پر آیا۔ پیرو کی وزارت دفاع کے مطابق زلزلے کا مرکز شہر جونین سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی 129 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی زلزلے کی شدت 6.7 بتائی، تاہم اس کے مطابق گہرائی 108 کلومیٹر تھی۔


پیرو کے وزیر دفاع رافیل بیلوندے نے بتایا کہ جونین کے مختلف علاقوں میں گھروں کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ بجلی کی فراہمی میں تعطل اور شاہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق کسی شخص کے زخمی ہونے یا طبی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مزیدپڑھیں:وال اسٹریٹ میں مصنوعی ذہانت کے خدشات پر شدید مندی، ایس اینڈ پی 500 اور ڈاؤ جونز اصلاحی مرحلے میں داخل

زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت لیما سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ لیما کے علاقے میرافلورس میں سینکڑوں افراد عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ متاثرہ علاقوں میں اینکاش، ایکا، یوکایالی، سیرو ڈی پاسکو، وانوکو اور کالاؤ بھی شامل ہیں۔

پیرو کے قومی مرکز برائے ہنگامی آپریشنز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے درمیانی سے شدید نوعیت کے تھے۔ پیرو کے جیو فزیکل انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ہرناندو تاویرا نے بتایا کہ پہاڑی ڈھلوانوں پر مٹی کے تودے گرنے اور چٹانیں کھسکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ امدادی اور متعلقہ ادارے کمزور اور خطرے سے دوچار علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔


پیرو بحرالکاہل کے زلزلہ خیز خطے ’رِنگ آف فائر‘ میں واقع ہے، جہاں ہر سال سیکڑوں زلزلے آتے ہیں۔ رواں سال جولائی میں جونین کے علاقے میں 5.1 شدت کے زلزلے سے 6 افراد ہلاک، 32 زخمی اور 52 مکانات تباہ ہوگئے تھے۔