سندھ حکومت(Sindh Government) نے صوبے کے نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ مارکیٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے آئی ورک فار سندھ کے ذریعے بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبوں تک نوجوانوں کی رسائی یقینی بنانے اور فری لانسنگ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے خصوصی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فری لانسنگ دنیا بھر میں روزگار اور آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ سندھ کے ہنرمند نوجوانوں اور فری لانسرز کو عالمی مارکیٹ میں کام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں عالمی مارکیٹ تک مؤثر اور آسان رسائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی فری لانسنگ اور گھر بیٹھے روزگار کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ سندھ کے ہنرمند نوجوان اپنے شہر یا گھر میں رہتے ہوئے بین الاقوامی آمدنی حاصل کریں۔ آئی ورک فار سندھ کے تحت جلد عالمی فری لانسنگ اور انٹرنیشنل بِڈنگ کا خصوصی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبے اور پروجیکٹس کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ ایک خصوصی ٹیم عالمی سطح پر دستیاب منصوبوں کے حصول کے لیے ان پر بولیاں جمع کرائے گی۔ حاصل ہونے والے پروجیکٹس سندھ کے ہنرمند فری لانسرز، پروفیشنلز اور کاروباری اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:کرکٹ آسٹریلیا کا پیٹ کمنز کی مکمل حمایت کا اعلان، کپتان برقرار رہیں گے
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سندھ کے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں کام حاصل کرنے اور اپنی مہارتوں کے ذریعے آمدنی کمانے کے قابل بنانا ہے۔ سندھ حکومت کی کاوشوں سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔ اس اقدام سے صوبے میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ فری لانسنگ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے گھر بیٹھے کام کے مواقع پر مشتمل خصوصی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کے نوجوان صوبے کو ڈیجیٹل معیشت کا ایک فعال حصہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔













ہفتہ 21 نومبر 2026 
