Advertisement

چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ

Calender Icon منگل 24 نومبر 2026

اسلام آباد: سینیئر سیاستدان محمد علی درانی(Muhammad Ali Durrani) نے سینیٹ میں سابق اپوزیشن لیڈر اور وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، چھوٹے صوبوں کے قیام اور مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں چھوٹے صوبوں اور بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے بھرپور جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں خوش آئند ہیں۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے پاکستان مضبوط ہوگا اور عوام کی خوش حالی کی راہ ہموار ہوگی۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بہاولپور صوبے کی بحالی اور ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام کے لیے محمد علی درانی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

مزیدپڑھیں:متحدہ عرب امارات میں سرکاری خدمات کے لیے اے آئی اسسٹنٹ ’میرا‘ متعارف

محمد علی درانی نے ڈاکٹر شہزاد وسیم کو چھوٹے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اپنے ملک گیر رابطوں اور مختلف سیاسی قائدین سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، چھوٹے صوبوں کے قیام اور مقامی حکومتوں کے مؤثر نظام کے لیے سیاسی اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔