وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف (Maryam Nawaz Sharif)نے کہا ہے کہ خواتین ڈاکٹرز ملک کے نظامِ صحت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے، ہماری بیٹیوں کو صرف تھوڑی سی سرپرستی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، بچیوں کی محنت اور والدین کی دعاؤں نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ بیٹوں کو پڑھاؤ، بیٹیوں کو نہیں، کیونکہ بیٹیوں نے بالآخر شادی ہی کرنی ہے، ایسے میں سوال کیا جاتا ہے کہ انہیں ڈاکٹر بنا کر کیا کرنا ہے، تاہم خواتین کی تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عہد کیا ہے کہ ہر مریض کی جان بچانے کیلئے اقدامات کریں گی، امیر ہو یا غریب، ان کیلئے تمام مریض برابر ہیں، بلکہ وہ مریض زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس کے پاس علاج کے وسائل موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی سہولت ان کے اپنے شہروں میں فراہم کرنا ان کا ویژن ہے، صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں، جدید کیتھ لیبز قائم کی گئی ہیں، بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ پورے پنجاب میں سٹروک سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال زیر تعمیر ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال کے ڈین امریکا سے واپس آئے ہیں جبکہ بیرون ملک جانے والے ڈاکٹرز بھی وطن واپس آ رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی مریض علاج کی سہولت سے محروم نہ رہے۔
مزیدپڑھیں:شردھا کپور 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر ڈانس کرنے سے انجرڈ ہوئیں: فلمساز کا انکشاف
ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو جتنی تنخواہ دی جائے کم ہے، ایک ڈاکٹر اپنے آٹھ گھنٹوں میں وہ کام انجام دیتا ہے جو کوئی دوسرا نہیں کر سکتا، خواتین ڈاکٹرز کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
خواتین کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اگر کسی بچی کو ہراسانی کا سامنا ہو یا کوئی اسے بلیک میل کر رہا ہو تو فوری طور پر رپورٹ کرے، والدین بھی جرائم کی رپورٹنگ میں اپنی بچیوں کا ساتھ دیں، کالجز میں پنک پینک بٹن بھی نصب کئے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کے تحفظ کیلئے ایک باقاعدہ نظام تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ماضی میں ہسپتالوں میں مختلف مافیاز سرگرم تھے اور آئے روز ہڑتالیں ہوتی تھیں، تاہم اب طویل عرصے سے ایسی ہڑتالیں سننے میں نہیں آئیں، خواتین ڈاکٹرز کو بہتر اور سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔













بدھ 25 نومبر 2026 
