پرتشدد سیاست ناقابلِ قبول، ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے : جنوبی پنجاب کے سابق ٹی ایل پی رہنما

Calender Icon جمعہ 31 اکتوبر 2025

ملتان : جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کی پرتشدد سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش بیرونی چیلنجز کے ہوتے ہوئے احتجاج کی کال دینا غیر مناسب اور نقصان دہ تھا۔ سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان کی قیادت میں ریاستِ مدینہ کے قیام کے لیے کوشاں رہیں گے۔

سابق رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک دانستہ طور پر ملک دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے، اس لیے ہم نے بغیر کسی دباؤ کے کالعدم تنظیم سے علیحدگی اختیار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ شہداء کے خون کے احترام میں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔

سابق ٹکٹ ہولڈرز نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تاقیامت قائم رہے گا، کوئی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
ان کے مطابق دشمن قوتوں کے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

سابق ٹکٹ ہولڈرز نے مزید کہا کہ فلسطین میں امن قائم ہونے کی امید پیدا ہو رہی ہے، ایسے وقت میں پرتشدد احتجاج یا انتشار کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت استحکام، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔