استنبول : ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل پر وعدے خلافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی ختم کرنے کے بہانے تلاش کر رہا ہے اور فلسطینیوں خصوصاً بچوں کے خلاف بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، اسکول، چرچ، مسجدیں اور ہسپتال سب نشانہ بنے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو تب ممکن ہے جب اسرائیل پر عالمی دباؤ ڈالا جائے اور جنگ بندی برقرار رکھ کر انسانی امداد پہنچائی جائے۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ اسرائیلی جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے والے 270 صحافی شہید کیے گئے اور سب جانتے ہیں کہ اسرائیل کا وعدے پورے کرنے کا ریکارڈ انتہائی خراب ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔












جمعہ 31 اکتوبر 2025 